ہماری تباہی وبربادی کی اصل وجہ قرآن پرعمل نہ کرنا ہے،تحریک دعوت حق

May 10, 2021

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) تحریک دعوت حق پاکستان کے زیر اہتمام شب لیلۃ القدر مذہبی جوش وجذبے سے منائی گئی۔اس موقع پرعلامہ پیر محمد اصغر نورانی نے قرآن کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قاری قرآن کا سب اونچا مقام ہوگا۔آج ہماری تباہی اور بربادی کی اصل وجہ قرآن پر عمل نہ کرنے سے ہے۔جس نے لیلتہ القدر کو پا لیا اللہ تعالی اس کے اگلے پچھلے سارے گناہ معاف کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ، پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اسلام کا معاشی نظام نافذ کرنا ہوگا۔ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر آئینی جارحیت اور کشمیریوں کے قتل عام سے بھارت کا غیر قانونی و ناجائز قبضہ کبھی بھی جائز یا قانونی نہیں بن سکتا۔کشمیریوں کو غلام بنانے کے لئے ہندوستان نئی قانون سازیاں کر رہا ہے۔ بھارتی حکمران اپنی عدلیہ کو کشمیریوں ہی نہیں بلکہ مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت بھارت کے جنگی جنون اور جارحیت کو روکنے کے لئے فیصلہ کن عملی اقدامات کرے کیوں کہ بھارت کی کوئی بھی قانون سازی کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ختم نہیں کر سکتی۔