غیر رسمی شعبوں کے مزدوروں کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے،رازم خان

May 10, 2021

پشاور(وقائع نگار) پاکستان ورکرز فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر رسمی شعبوں کے مزدوروں کیلئے فوری طور پر بڑے پیکیج کا اعلان کیا جائے اور حکومت ان مزدوروں کی مدد کرے کیونکہ لاک ڈاون میں سب سے زیادہ یہی طبقہ متاثر ہوا پاکستان ورکرز فیڈریشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری رازم خان نے کہا کہ زراعت اور گھریلو، مستری خانوں سمیت دیگر غیر رسمی شعبوں کے مزدور بھی لاک ڈاون میں متاثر ہو چکے ہیں رسمی شعبوں کے مزدوروں اور سرکاری ملازمین تو تنخواہوں پر گزارہ کر سکتے ہیں لیکن غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک طرف مہنگائی کا طوفان لایا اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کر دی تو دوسری طرف مزدور طبقے کو سپورٹ کرنے کیلئے کوئی جامع پلان نہیں بنایا اور نہ ہی انہیں کوئی خاص ریلیف دی جس سے مزدور آج انتہائی پریشان ہے اور ان کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت سے مطالبہ کیا کہ زراعت، ورکشاپس، ہوٹلز اور گھریلو سمیت دیگر غیر رسمی شعبوں کے مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی مالی مشکلات کم ہو سکے رازم خان نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑے گی اور ان کی نمائندگی کرے گی۔