عالمی ضمیر بےحسی کی چادر میں لپٹا سو رہا ہے،شاہد آفریدی

May 10, 2021

جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھر میںمشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدہ صورتحال پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ضمیر بے حسی کی چادر میں لپٹا سو رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ اُدھر مسجد اقصیٰ کی دیواریں،فرش فلسطینی خون سے اور ادھر میری آنکھیں بے بسی کے آنسوؤں سے سرخ ہیں۔ شاید مسلمانوں کا لہو اس قدر بےتوقیر ہے کہ اس پر نہ کوئی آواز اٹھے گی اور نہ مہم چلے گی۔

شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ قبلہ اوّل ہم تیری تقدیس کا قرض اتارنے سے قاصر ہیں۔

سابق کپتان کے پیغام کو ان کے اکاؤنٹ پر ہزاروں لوگوں نے پسند کیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کئی روز سے جاری کشیدگی کے بعد رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر بھی عبادت کرتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اسٹن گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی جس سے تازہ جھڑپوں میں مزید 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل جمعے کو بھی 300 سے زائد فلسطینی جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے۔