شہباز شریف والدہ کے ہمراہ آخری تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے

May 10, 2021

قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف ماؤں کے عالمی دن پر والدہ کے ہمراہ لی گئی آخری تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔

شہباز شریف نے مدرز ڈے کی مناسبت سے خصوصی بیان ٹوئٹر پر جاری کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’والدہ کے انتقال کے بعد پہلے مدرز ڈے پر میں شدید غمزدہ ہوں۔‘

انہوں نے لکھا کہ میں اپنی والدہ کی خوبصورت یادیں کبھی نہیں بُھلا پاؤں گا۔

شہباز شریف نے والدہ کی باتوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ جب کبھی بھی زندگی میں چیزیں زوال پذیر ہوتی دکھائی دیتی تھیں یا کچھ بھی صحیح نہیں چل رہا ہوتا تھا تو وہ یہی کہتی تھیں کہ میں دعا مانگوں گی، اللہ سب ماؤں کو سلامت رکھے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ یہ میری ماں جی کے ساتھ آخری تصویر ہے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف و نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر گزشتہ برس نومبر میں انتقال کر گئی تھیں۔

نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری 2020 میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں طویل سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جبکہ ان کے شوہر میاں محمد شریف کا 2004ء میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔