سارہ خان نے مداحوں کو اُن کی مرحومہ والدہ کی تصاویر شیئر کرنے سے روک دیا

May 10, 2021

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ سارہ خان نے مداحوں کو اُن کی مرحومہ والدہ کی تصاویر شیئر کرنے سے روک دیا۔

گزشتہ روز پاکستان سمیت دُنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا گیا اور اس دن کی مناسبت سے جہاں شوبز و معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر اپنی ماؤں کے ساتھ تصاویر شیئر کرکے اُن کے لیے محبت بھرے پیغام جاری کیے تو وہیں ان کے مداح بھی کسی سے پیچھے نہ رہے۔

شوبز ستاروں کے مداحوں کی جانب سے بنائے گئے مختلف پیجز پر فنکاروں اور اُن کی ماؤں کی خوبصورت تصاویر شیئر کی گئیں۔

انہی تصاویر میں سے کچھ سارہ خان اور اُن کی مرحومہ والدہ کی بھی تھیں جنہیں دیکھ کر اداکارہ شدید غصہ ہوگئیں۔

اس ضمن میں سارہ خان نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے تمام مداحوں اور فین پیجز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

سارہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم! میری والدہ کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کریں۔‘

اداکارہ کی یہ اسٹوری تیزی سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی جس کے بعد فین پیجز کی جانب سے اُن کی مرحومہ والدہ کی تصاویر ڈیلیٹ کردی گئیں۔

واضح رہے کہ سارہ خان نے سال 2017ء میں اپنی والدہ کو کھودیا تھا جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں اُن کے والد بھی انتقال کرگئے تھے۔

دوسری جانب گزشتہ سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020ء کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔