عالمی برادری کو اسرائیل کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے: عثمان بزدار

May 10, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسرائیل کی جانب سے مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا۔

عثمان بزدار نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کئی روز سے جاری کشیدگی کے بعد رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر بھی عبادت کرتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اسٹن گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی جس سے تازہ جھڑپوں میں مزید 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل جمعے کو بھی 300 سے زائد فلسطینی جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے۔