وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے

May 10, 2021

سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے بعد وزیراعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان اور خاتون اوّل بشری عمران نے دورۂ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کی، خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔

وزیراعظم نے دورہ میں عازمین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کوخراج تحسین پیش کیا، امام کعبہ سے بھی ملاقات کی۔

جدہ میں پاکستانی برادری سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے ساتھ پورا پاکستان ہے جوتبدیلی چاہتا ہے، خوشخبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان سامنے آئے گا۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ کورونا نے دنیا کی معیشت میں بڑی تباہی مچائی ہے، ہم نے لوگوں کو اور معیشت کو کورونا سے بچالیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم کے وطن واپس پہنچنے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے معاشی، تجارتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی قیادت کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔