ایسا لگتا ہے اسرائیل فلسطینیوں کو یروشلم سے اٹھا کر باہر پھینکنا چاہتا ہے، یین ایسلبورن

May 10, 2021

لکسمبرگ کے وزیر خارجہ یین ایسلبورن نے خبردار کیا ہے کہ یروشلم کی صورتحال سے ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم سے اٹھا کر باہر پھینک دینا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارن منسٹرز میٹنگ سے قبل اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ شیخ جراح اور مشرقی یروشلم میں اس وقت ہورہا ہے اسے اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے جہاں اسرائیلی، فلسطینیوں کے گھروں پر اپنے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو اس علاقے سے نکالنے کی کوشش انتہائی پریشان کن ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب دنیا اور امریکہ اسے دیکھ رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی ہم یورپینز کی بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اس مسئلے کو سر فہرست رکھیں۔

یین ایسلبورن نے مزید کہا کہ دو ریاستی حل کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے، یروشلم کو اسرائیل اور فلسطین دونوں کا مشترکہ دارالحکومت ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں یورپین فارن افئیرز کونسل کے اجلاس سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ آج کے اجلاس میں فلسطین میں الیکشن کا التوا بھی زیر غور آئے گا۔

کیونکہ بدقسمتی سے اسرائیل فلسطینیوں کو مشرقی یروشلم میں الیکشن کرانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ جس کے باعث انہوں نے الیکشن ہی موخر کر دیے ہیں۔