مانچسٹر سٹی کونسل میں لیبر کی واضح اکثریت برقرار

May 11, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) برطانیہ میں 6 مئ کو ہونے والے مقامی کونسلوں کے انتخابات میں مانچسٹر سٹی کونسل کی 32 وارڈز میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار وں نے حصہ لیا،مجموعی طور پر کونسل میں بھاری اکثریت لیبر پارٹی کی برقرار رہی ۔ مانچسٹر سٹی کونسل کے ہونے والے انتخابات میں پاکستانی، بنگلہ دیشی نژاد برطانوی شہریت کے حامل 10 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا لیکن مقدر کا ستارہ لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والے 6 امیدواروں کا چمکا اور وہ سٹی کونسل کی سیٹوں پر براجمان ہوں گے ۔ لیبر پارٹی کی امیدوار پاکستان نژاد مقدسہ بانو 2733 ووٹ،زاہد حسین 3136ووٹ لے کر پہلی بار کونسلر منتخب ہوگئےجب کہ شوکت علی 3061 ،زہرہ علی جان 1583 ،نسرین علی 2341 اور لطف الرحمن 2782 ووٹ لے کر اپنی اپنی نشستوں کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کنزرویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار محمد ارباب خان نے 369 ،عثمان ارشد نے 674 اور افتخار بٹ 762 ووٹ لے کر اپنے حلقہ انتخاب میں دوسرے نمبر پر رہے جب کہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار فہیم چوہدری نے 306 ووٹ حاصل کیے۔ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کو ایک نشست کانقصان ہوا اور گرین پارٹی کا امیدوار پہلی بار کامیاب ہوا جب کہ حکمران جماعت لیبر پارٹی اپنی ایک نشست سے ہاتھ دھو بیٹھی ۔مانچسٹر سٹی کونسل کی کل نشستوں کی تعداد 94 ہے،لیبر پارٹی کی 92 جب کہ گرین پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس ایک ،ایک نشست ہے۔