کوروناسے ہلاک ہونے والے بریڈفورڈکے کونسلر کی سیٹ پر بیٹا کامیاب

May 11, 2021

لندن(پی اے ) کوروناسے ہلاک ہونے والے بریڈفورڈکے لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والےسابق لارڈ میئر62سالہ کونسلر عابد حسین کی سیٹ پر ان کے26 صاحبزادےمحسن حسین نے کامیابی حاصل کی ہے،کامیابی کے بعد ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ میرے والد کمیونٹی کے ایک ستون تھے ان جیسی بلند شخصیت بننا تو بہت مشکل ہے لیکن میں ان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کمیونٹی کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا، عابد حسین 2010 سے کیغلے میں لیبر پارٹی کے کونسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ میں بچپن سے والد کے کام کرنے کا طریقہ دیکھتے آئے ہیں اور ان کی والد سے اکثر سیاست پر بھی بات ہوتی رہتی ہے اس طرح والد کی بہت سی خوبیاں مجھ میں پہلے سے موجود ہیں ۔ انتخاب کا نتیجہ سننے کے بعد محسن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور زاروقطار رونے لگے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے میں اپنے والد کا نتیجہ سننے کیلئے ووٹنگ سینٹر کے باہر انتظار کرتاتھا آج میری فیملی میرے فیصلے کا انتظار کررہی تھی میں اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور انھیں سہولتیں بہم پہنچانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کروں گا۔ دریں اثنا پورے بریڈفورڈ میں بحیثیت مجموعی لیبر پارٹی 2019 کے مقابلے ایک نشست سے محروم ہوگئی ہے اور اب 90 میں سے 51 نشستیں لیبر پارٹی کے پاس ہیں ،ٹوری پارٹی نے پہلے کے مقابلے میں 4 نشستیں زیادہ حاصل کیں اور ایوان میں اس کے ارکان کی تعداد 25 ہوگئی ہے،ایوان میں لبرل ڈیموکریٹس کے 7 آزاد 4 اور گرین پارٹی کے 3 نمائندے ہوں گے ۔ پڑوسی کیلڈرڈیل میں لیبر پارٹی 8 نشستوں سے حصہ لیا اور 7 نشستیں جیت لیں اور اس طرح ایوان میں اس کی سابقہ حیثیت برقرار ہے۔کنزرویٹو پارٹی نے لیبر اور لبرل ڈیموکریٹس کی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی لیکن وہ لیبر کی بالادستی ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ،لیڈز میں کنزرویٹو اور آزاد امیدواروں نے معمولی کامیابیاں حاصل کیں لیکن ویسٹ یارک شائر کے اس سےبڑے شہر پر بھی لیبر کی حکمرانی جاری رہے گی۔