پیٹربرا میں نو سالہ لڑکے پرحملہ،شدید زخمی کردیا

May 11, 2021

لندن (پی اے) ایک نو سالہ لڑکا پیٹربرا میں سڑک پر حملے کے بعد ہسپتال میں داخل ہے، کیمبرج پولیس پورل روڈ پر حملے کے بعد ایک شخص کو تلاش کررہی ہے، لڑکا اپنے بڑے بھائی کے ساتھ جارہا تھا، اسے چہرے اور سر پر شدید زخم آئے ہیں۔ مشتبہ شخص ایشیائی بتایا گیا ہے جو دبلا، پتلا، لمبے قد اور لمبے بالوں والا دکھائی دیتا ہے اور سیاہ جوگنگ باٹمز بڑا کوٹ پہنے ہوئے تھا۔ سارجنٹ جیسن ہنکوک نے کہا ہے کہ مشتبہ شخص حملے کے بعد لنکنن روڈ کی سمت میں فرار ہوا۔ افسران تحقیقات اور حملہ آور کی شناخت کے لیے ہر ممکن کارروائی کررہے ہیں۔ یہ ایک اکا دکا حملہ تھا اور اس سلسلے کی مزید کوئی رپورٹ نہیں ملی۔ پولیس نے کہا ہے کہ لڑکے کو ابتدائی طور پر پیٹربرا سٹی ہاسپٹل لے جایا گیا تاہم پھر کیمبرج میں ایڈن بروکس ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔ حملے کے بارے میں اطلاع رکھنے والے کو پولیس سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔