گیلانی پر سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی پبلک سواری کیلئے استعمال کرنیکا الزام

May 11, 2021

اسلام آباد (این این آئی)یوسف رضاگیلانی کی سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی کے استعمال کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی مبینہ طور پر پبلک سواری کیلئے استعمال کرنیکا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے مطابق جنہیں سینیٹ چیئرمین بننا تھا انہوں نے سرکاری گاڑی پر ٹیکسی سروس شروع کردی۔شہباز گل نے کہا کہ دیہاڑی ہر صورت لگانی ہے بھلے کیسے بھی لگے۔قاسم گیلانی نے کہا کہ شہبازگل اور پی ٹی آئی کے ٹرولز نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف گھٹیا مہم چلائی۔شہباز گل نے کہا کہ یہ حرکت ایسی ہے کہ اس پر بیان دینے کو بھی دل نہیں کرتا، جس کے جواب میں قاسم گیلانی نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے شہباز گل سے کہا کہ گاڑی سینیٹ سیکرٹریٹ کی ملکیت ہے۔قاسم گیلانی نے کہا کہ گاڑی میں موجود ڈرائیور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور دوسرا سینیٹ سیکرٹریٹ کا ہے، دونوں ڈرائیوروں میں کوئی بھی یوسف رضا گیلانی کا ملازم نہیں ہے۔