انسانی جان بچانے سے بڑا ثواب کوئی نہیں، ڈاکٹر ادیب رضوی

May 11, 2021

کراچی (جنگ نیوز) معروف معالج اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی کہتے ہیں کہ خدا نے انسان کو زمین پر اپنا نائب بنایا ہے، انسانی فائدے اور اُس کی جان بچانے کیلئے جو مدد کی جائے اس سے بڑا ثواب کوئی نہیں ہوسکتا۔

اِن دنوں پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ ”جنگ، جیواور دی نیوز انٹرنیشنل“ پر ایس آئی یو ٹی کی خصوصی مہم جاری ہے جس کا مقصد ادارے کی فلاحی خدمات اُجاگر کرنا اور لوگوں کو اس کی مالی معاونت کیلئے ترغیب دینا ہے۔

اس مہم کے ذریعے یہ آگاہی بھی دی جارہی ہے کہ رمضان کا مہینہ ہر ایک کیلئے ایک جیسا نہیں ہوتا، کوئی دُعائیں کرتا ہے تو کوئی دُعائیں لیتا ہے۔ ماہ صیام میں کسی کو مغرب کا انتظار ہے تو کسی کو اپنی زندگی کیلئے اگلی سانس کا۔

اِس رمضان سوچیں اُن کا جن کا رمضان آپ (عوام) سے مختلف ہے۔ ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیئے کہ ایس آئی یو ٹی میں 1971؁ء سے اب تک 2کروڑ 36لاکھ مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔ 1985؁ء سے اب تک 6350 کامیاب ٹرانسپلانٹس کئے گئے جن میں 1214بچے بھی شامل ہیں۔

یہ ادارہ 394000 مریضوں کا ڈائلیسیز کرنے والا جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا ڈائیلیسز انسٹیٹیوٹ ہے۔ گردے، مثانے، جگر اور دیگر اعضاء کے کینسر میں مبتلا 19500 مریضوں کو علاج کی فراہمی کی گئی ہے۔