نام نہاد پشتون قوم پرستوں نے امریکی ایجنٹ کا کردار ادا کیا‘ جمعیت ن

May 11, 2021

کوئٹہ(آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری جنرل مفتی شفیع الدین اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارشاہ چشتی نے پی ٹی ایم کے جانب سے سوشل میڈیاپر ملامحمدعمرمجاہداورامارت اسلامی کیخلاف طوفان بدتمیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد پشتون قوم پرستوں نے ہمیشہ را،خاد اور موساد کے ایجنٹ کاکردار ادا کیا۔مذہب ومجاہدسے تعلق رکھنے والوں کودہشت گردی کے القابات سے نوازناقابل مذمت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری حاجی حبیب اللہ صافی مولوی محمدابراہیم مفتی صالح محمدصاحبزادہ عزیزاللہ ذاکری ودیگرموجودتھے ۔انہوں نے کہا کہ روس نے جب افغانستان پر یلغار کی تو ان جماعتوں نے روس کا ساتھ دے کر بیس لاکھ پشتونوں کا خون بہایااور پھر امریکہ بشمول نیٹو نے افغانستان پر یلغار کی تو انہی جماعتوں نے امریکہ کو نہ صرف خوش آمدید کہا بلکہ فاٹا اور بلوچستان میں ڈرون حملوں کی دعوت دی ،فاٹا میں افغان جنگ میں امریکہ کا ساتھ دیا جبکہ قبائلی علاقوں میں آپریشن ان کے مطالبے پر ہوا۔صرف ڈالر کی خاطر لاکھوں پشتونوں کے خون کا سودا کیا۔ پی ٹی ایم اور پشتون قوم پرست مجاہدین اسلام کی فتوحات سے بوکھلاہٹ کا شکارہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اوراس کے اتحادیوں کو 19سال میں لاشوں کی ذلت ورسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔