تاجروں کو عید تک کاروبار کی اجازت دی جائے‘ انجینئر عثمان

May 11, 2021

کوئٹہ( این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے عید کے موقع پر کورونا کے نام پر تاجروں کے معاشی استحصال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر سعودی عرب کی طرح چوبیس گھنٹے کاروبار کی اجازت دے کرسماجی فاصلوں پر عمل درآمد کیاجائے ۔ یہاں کے لوگ انہی دنوں کے انتظار میں ہوتے ہیں اور اپنی ساری جمع پونجی لگاتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کبھی وقتی اور کبھی مکمل لاک ڈائون کے فیصلوں نے انہیں نان شبینہ کا محتاج کردیا اور اب وہ اپنے کروڑوں روپے کے سامان ، ملازمین کی تنخواہیں اور دکانوں کے کرایوں کی وجہ سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تاجروں کو چاند رات تک مکمل کاروبار کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ طاقت سے حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔کوئٹہ میں کورونا کیسزملک کے دیگر علاقوں کی نسبت کم ہیں۔ عید سے قبل یہی چار پانچ دن تاجروں کے کاروبار کے ہوتے ہیں ایک مارکیٹ بند ہونے سے سیکڑوں لوگ بے روزگاراور ان کے گھروں پر فاقے آسکتے ہیں ۔حکومت تاجر وں کو کاروبار کرنے کی اجازت دے۔