فلسطینیوں کیلئے آواز نہ اٹھائی تو اللّٰہ ہمیں معاف نہیں کرے گا، احسن خان

May 11, 2021

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے غزہ پر اسرائیلی بمباری سے معصوم بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر دنیا کی خاموشی دیکھ کر کہا ہے کہ اگر ہم ننھے بچوں پر تشدد ہوتا دیکھ کر خاموش رہے تو اللّٰہ ہمیں معاف نہیں کرے گا۔

اداکار احسن خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پرمسجد الاقصٰی کی ایک تصویر شئیر کی ہے، جس میں اسرائیلی فوج کو مسجد الاقصٰی پر حملہ آور دیکھا جا سکتا ہے۔

احسن خان نے تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دنیا یروشلم میں رمضان کے پورے مہینے میں ہونےوالی قتل و غارت گری کی گواہ ہے اور اس کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

اداکار نے دنیا کی خاموشی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مسجد الاقصٰی پر حملہ اور ننھے بچوں پر تشدد ہو رہا ہے اگر ہم خاموش رہیں گے تو اللّٰہ ہمیں معاف نہیں کرے گا۔‘

واضح رہے کہ غزہ پراسرائیل کی فوج نے وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔

دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز میں دوبارہ جھڑپیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔