مافیاز کا مقابلہ کرکے جیت کر دکھاؤں گا، وزیر اعظم

May 11, 2021

وزیراعظم عمران خان نے آج براہ راست ٹیلی فون پر عوام کے سوالوں کا جواب دیا۔

مافیا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھارہا ہے

عوام سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مافیاز کا مقابلہ کرکے جیت کر دکھاؤں گا، مافیا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھارہا ہے، شوگر سمیت دیگر مافیاز نہیں چاہتے کہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہو، ملک میںانصاف کا نظام قائم کیے بغیر ہم ترقی نہیں کرسکتے، طاقتور کو قانون کے نیچے لانا ایک جہاد ہے ۔

مشرف نے چیف جسٹس کو نکالا تو بڑے لیڈر ملک سے بھاگ گئے

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی بار قانون کی بالادستی کی جنگ اس وقت ہوئی جب مشرف نے چیف جسٹس کو نکالا، خود کو بڑے لیڈر کہنے والے ملک سے بھاگ گئے تھے، میں وہ لیڈر تھا جسے جیل میں ڈالا گیا۔

ماضی میں نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، لیکن وہ قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، انصاف کا نظام قائم اور طاقت کے بجائے قانون کی حکمرانی کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

تاریخ گواہ ہے قومیں قانون کی بالا دستی کی وجہ سے اوپر گئیں

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ ہے کہ جو قوم اوپر گئی وہ قانون کی بالادستی کی وجہ سے اوپر گئی، بہترین معاشرے میں قانون غریب کو تحفظ دیتا ہے، ریاست مدینہ اس لیے عظیم ریاست بنی کیونکہ اس میں قانون سب کے لئے برابر تھا۔

ملک کے طاقتور لوگ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہوتا ہے

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ بڑا ہوا ہوں، کرکٹ کی وجہ سے پوری دنیا دیکھی اور وہاں کا سسٹم دیکھا، سائیکل اور بھینس گائے چوری سے ملک تباہ نہیں ہوتا، جب ملک کا سربراہ اور طاقتور لوگ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے۔

وزیر اعظم نے بتایاکہ ہر سال غریب ملکوں سے ایک ہزار ارب ڈالر چوری ہوکر امیرملکوں میں جاتا ہے، غریب ملک مقروض اور امیر مزید امیر ہوتے جارہے ہیں۔

ہم اسٹیٹس کو اور مافیاز سے لڑ رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ انصاف کی جدوجہد کیلئے تحریک انصاف بنائی تھی، ہم کامیاب ہورہے ہیں ، اسٹیٹس کو اور مافیاز سے لڑ رہے ہیں ، قوم نےمیرے ساتھ کھڑے ہونا ہے ،اللّٰہ نے مجھے لڑنے کی ٹریننگ دی ہے ، میں ان مافیاز سے لڑ کر اور جیت کر دکھاؤں گا۔

5 اگست کے اقدامات واپس لیے جانے تک بھارت سے بات چیت نہیں ہوگی

وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک کو خوف ہے کہ چین ان سے آگے نکل جائے گا، ان مغربی ممالک نے چین کے مقابلے میں بھارت کو لانے کا فیصلہ کیا، عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے، جب تک بھارت 5 اگست کےاقدامات کو واپس نہیں لیتا بات چیت نہیں کریں گے۔

وزرا اچھا کام نہیں کریں گے تو ٹیم بدلنی پڑے گی

عمراں خان نے وزراء کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ وزرا اچھا کام نہیں کریں گے تو ٹیم بدلنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے 11 کھلاڑی ہوتے ہیں سب سپراسٹار نہیں ہوتے، کچھ لوگ اچھا کام کرتے ہیں جو اچھا ہوتا وہ سب کو نظر آتا ہے۔

سفارتخانوں سے متعلق شکایات پورٹل پر درج کرائیں

وزیر اعظم نے سمندر پار پاکستانی کی جانب سے ایک سفارت کار کی شکایت پر کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں نے ڈپلومیسی کی حد تک زبردست کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں سے متعلق جو بھی شکایات ہوں گی وہ پورٹل پر درج کرائی جا سکتی ہے۔

چینی معاملے پر کسی سے رعایت اور ناانصافی نہیں ہوگی

عمران خان نے جہانگیر ترین گروپ سے متعلق سوال پر کہا کہ میں نے کبھی کسی سے ناانصافی نہیں کی، جب میں مخالف سے ناانصافی نہیں کرتا تو اپنی پارٹی کے رہنما کے ساتھ کیسے کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چلی جائے لیکن چینی مہنگی کرکے عوام کو نقصان پہنچانے والوں کو این آر او نہیں دوں گا، کسی سے رعایت اور ناانصافی نہیں ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک روپیہ چینی مہنگی ہوتی ہے تو طاقتور ملز مالکان کی جیب میں 5 ارب روپیہ چلا جاتا ہے، انہوں نے 5 برس میں آج تک 22 ارب روپے ٹیکس دیا ہے، جن میں سے انہیں 12 ارب روپے ری فنڈ اور 29 ارب روپے کی سبسڈی ملی ہے۔

قبضہ مافیا سے 27 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی

عمران خان نے بتایا کہ قبضہ گروپ طاقتور پر ہاتھ نہیں ڈالتے وہ صرف غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں۔

سابق وزرا، ایم این اے اور ایم پی اے نے بھی زمینوں پر قبضے کیے، ہم نے 27 ارب روپے مالیت کی 21 ہزار ایکڑ قبضہ کی ہوئی زمین مافیا سے واگزار کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ حکومت کے خلاف انتقامی کارروائی کا شور کر رہے ہیں وہ عدالت کیوں نہیں جاتے۔

امیزون کے آنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا

وزیراعظم نے کہا کہ امیزون کے پاکستان کو سیلر اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دینے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، نوجوان بھی اس شعبے میں اپنی صلاحیتیں استعمال کریں۔

ڈالر 160 سے اوپر تھا اب 152 روہے پر آگیا ہے

عمران خان نے کہا کہ آج ڈالر 152 روہے پر آگیا ہے جو 160سے اوپر چلا گیا تھا، موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 21 فیصد اور گاڑیوں کی سیل میں 20فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوگیا ہے کہ معیشت درست سمت میں ہے لوگوں کے پاس پیسہ آرہا ہے اس لیے گاڑیاں خرید رہے ہیں۔

بڑے چوروں کو نہیں چھوڑوں گا

وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف جانے کی نہیں بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کے خلاف صرف ایک کیس 7 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا ہے، اس کے علاوہ دیگر مقدمات بھی ہے۔

پاکستان کی تمام جیلوں میں قید چوروں پر الزامات کی مالیت جمع کریں تو بھی 7 ارب روپے نہیں بنتی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے لندن میں اربوں روپے کے گھروں میں رہتے ہیں، میں اللّٰہ کو جواب دہ ہوں ، مجھے خوف خدا ہے، بڑے چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے آغاز سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو تاکید کرتا ہوں کہ کورونا ایس او پیز میں سب سے اہم ہے کہ آپ ماسک پہنیں۔

انہوں نے کہا کہ ماسک پہننے سے 50 فیصد تک کورونا کا پھیلاؤ کم کیا جاسکتا ہے لہٰذا عوام اپنے آپ کو اور اپنے بزرگوں کو بچائیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ماسک پہنیں تاکہ ہمیں لاک ڈاؤن نہ کرنا پڑے، اس کا سب سے بڑا نقصان غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو ہوتا ہے۔