گھر کی تعمیر کی منصوبہ بندی

May 13, 2021

ناصرف ذاتی گھر ہونا ہر شخص کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے بلکہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمارا گھر دورِجدید کے تقاضوں کے مطابق ہو اور دِکھنے میں بہت خوبصورت لگے۔ جدید انداز کے گھروں کا آرکیٹیکچر بھی اتنا شاندار ہوتا ہے کہ آنکھیں دنگ رہ جاتی ہیں۔ ہلکے رنگوں اور سیدھے سیدھے خطوں پر تیار کرہ ماڈرن انداز کے گھر نا صرف دلکش ہوتے ہیں بلکہ ان میں مکینوں کا خیال رکھنے والے تمام لوازمات بھی ہوتے ہیں۔

جب ہم بات کرتے ہیں ایک جدید طرز کے گھر کی، تو یہ ایک مخصوص قسم کا انداز نہیں ہے جس کو استعمال کر کے ہی آپ اپنے گھر میں دلکشی لا سکتے ہیں، بلکہ یہ آپ کے ذوق پر منحصر ہے کہ آپ اپنے گھر کو کس طرح سے تیار کرواتے ہیں۔ البتہ، اس کے چند رہنما اصول ہیں جن کو مدّنظر رکھتے ہوئے آپ اپنا گھر بہت جدید اور دلکش بنا سکتے ہیں۔

تعمیراتی مواد کا استعمال

ہم میں سے کئی افراد کے ذہن میں یہ سوال ہوتا ہے کہ ایک جدید انداز کے گھر کے لیے کس طرح کا اور کونسا مواد استعمال کیا جائے؟ کیا جدید انداز حاصل کرنے کے لیے کوئی خاص مواد چاہیے ہوتا ہے؟ تو اس کا سادہ جواب ہے، ’نہیں‘! جدید انداز کی یہی تو خوبی ہے کہ آپ اس کے لیے اپنی پسند اور اپنے ذوق کے مطابق مواد استعمال کر سکتے ہیں۔

چاہے آپ سیمنٹ استعمال کریں یا پھر لکڑی اور پتھر، یہ آپ پر منحصر ہے۔ بلکہ اگر آپ ان سب کو ملا کر استعمال کرنا چاہیں تو یہ اور بھی زیادہ اچھی بات ہے کیونکہ اس سے اور زیادہ جدید انداز ملتا ہے۔ جدید گھر کی تعمیر میں آپ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑی حد تک استعمال کرسکتے ہیں۔

رنگ و روغن

رنگ و روغن کا کردار گھر کی تعمیر اورپھر اس کی فنشنگ میں بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، کیونکہ بہترین تعمیر شدہ گھر کے لیے اگر اس کے معیار کے مطابق رنگ و روغن کا انتخاب اور استعمال نہ کیا جائے تو ساری سرمایہ کاری اور محنت ضائع ہوجاتی ہے۔

زیادہ تر لوگ کھڑکیوں کے فریم اور دروازے وغیرہ گہرے رنگوں جیسے سیاہ، گہرے سرمئی اور کتھئی رنگ کے بنوانا پسند کرتے ہیں۔ اس طرح گھر کو یکساں رنگ کی پیدا کردہ غیردلچسپی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ جدید انداز کے گھروں پر آپ غور کریں تو آپ کو پتا چلے گا کہ زیادہ تر گھر غیرپیچیدہ خطوط پر بنے ہوتے ہیں اور ان کے انداز میں سادگی سب سے زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔

مزید برآں، بڑی بڑی اور سادہ فریم والی کھڑکیاں آپ کے گھر کو ایک ایسا جدید انداز فراہم کرتی ہیں، جو ہر دیکھنے والی آنکھ کو خوب بھاتا ہے۔

رقبہ

تعمیراتی ماہرین گھر کے رقبے کے حوالے سے امریکا میں تعمیر کیے جانے والے گھروں کو بطور مثا ل لیتے ہیں۔ ان کے مطابق، امریکا کے خوبصورت اور جدید گھر وں کی منصوبہ بندی مربع فٹ رینج کا مجموعہ کہلاتی ہے، جس میں کم ازکم 99مربع فٹ سے لے کر زیادہ سے زیادہ 9ہزار مربع فٹ والے گھر شامل ہیں۔ اس منصوبہ بندی کا اوسطاً تخمینہ 2200مربع فٹ منتخب کیا گیا ہے، جس کے تحت یوں کہاجاسکتا ہے کہ ایک جدید گھر کے لیے 2200مربع فٹ کا رقبہ مثالی سمجھا جاتا ہے۔

بہترین ڈیزائن کا انتخاب

جدید تعمیراتی انداز کی سب سے زبردست بات یہی ہے کہ یہ آپ پر زمان و مکاں کی کوئی پابندیاں نہیں لگاتا۔ ہر وہ انداز جو آپ کو پسند ہے، اگر سلیقے سے استعمال کیا جائے تو بہترین ہے۔ اگر آپ کو پتھر پسند ہے تو آپ اس کے استعمال سے بھی بہت جدید انداز کا گھر بنا سکتے ہیں، جو ہر دیکھنے والے کو متاثر کرے گا۔ آپ کو جو بھی انداز پسند ہے اس بارے میںکسی ماہر سے مشورہ کر کے اپنے خوبصورت گھر کی تعمیر شروع کر دیں۔

یاد رکھنے والے نکات

مجموعی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ آپ کو کچھ چیدہ چیدہ باتوں کو پورے تعمیراتی عمل کے دوران مدِنظر رکھنا ہوگا۔ مثال کے طور پر، اگر آپ اپنے لیے جدید انداز کا گھر چاہتے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا گھر مناسب روشنی کے انتظام کے ساتھ موجود ہو کیوں کہ آجکل کے جدید انداز کی پہلی شرط روشنی اور کشادگی ہے۔

آپ کا گھر اگر چھوٹے سائز کا ہے تو بھی ہلکے رنگوں کے استعمال سے اس میں کشادگی پیدا کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ رات کے وقت بھی گھر کے لیے مناسب روشنی کا انتظام موجود ہونا چاہیے تاکہ آپ کا دلکش گھر ناصرف دن میں بےحد خوبصورت لگے بلکہ یہ رات کو بھی دیکھنے والی آنکھ کو اپنی طرف متوجہ کرے۔

مزید برآں، گھر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کے گھر کے ساتھ ہریالی اور سبزہ موجود ہو۔ اگر سبزہ اور ہریالی کے لیے مطلوبہ جگہ دستیاب نہ ہو تو دیواروں کے ساتھ پودے اور پھول لگاکر بھی فطری خوبصورتی پیدا کی جاسکتی ہے۔