غزہ، 37 فلسطینی بچے زخمی اور گرفتار ہوئے، یونیسیف

May 11, 2021

عالمی ادارے یونیسیف کی مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ بیت المقدس میں 37 فلسطینی بچے زخمی اور گرفتار ہوئے ہیں۔

یونیسیف نے اپنے ایک بیان میں مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی فورسز کے حملے اور پر تشدد واقعات پر کہا ہے کہ بچوں کو تشدد سے دور رکھنا چاہیے۔

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور عید کی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔

فلسطینی صدر کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسیطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد21 ہوگئی ہے۔