کوروناصورتحال میں بہتری، سڈنی کا 1سال سے بند رن وے کھول دیا گیا

May 11, 2021

آسٹریلیا میں کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بند کیے گئے سڈنی ایئرپورٹ کے ایسٹ ویسٹ رن وے کو لگ بھگ ایک سال کی بندش کے بعد پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

سڈنی ایئر پورٹ حکام کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح آسٹریلیا کی مختلف فضائی کمپنیوں کے طیارے بھی گراؤنڈ کردیے گئے تھے۔

ایئر پورٹ پر جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ایسٹ ویسٹ رن وے کو بدھ 22 اپریل 2020ء کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا اور اسے ہوائی جہاز کی پارکنگ کے لیے استعمال میں لایا گیا۔

کورونا بحران کے دوران مختلف ایئر لائنز کے 50 سے زائد ہوائی جہاز اس رن وے پر ایک سال سے زائد عرصے تک پارک رہے۔

حکام کے مطانق دنیا کے دیگر ممالک کی طرح آسٹریلیا میں بھی اندرون ملک پروازوں میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

سڈنی ایئرپورٹ کے مسافروں کی آمد اور روانگی کے مارچ 2019ء کے اعداد و شمار کے مارچ 2021ء سے موازنے کے مطابق آمدورفت میں 48 فیصد تک بہتری آئی ہے تاہم بین الاقوامی مسافر 97 فیصد تک کم ہیں۔

سڈنی ایئرپورٹ کے چیف ایروناٹیکل آفیسر دھرو گپتا کا کہنا ہے کہ بند رن وے کے دوبارہ کھلنے سے ہمارے مرکزی شمال جنوب رن وے پر بحالی کے ضروری کاموں میں آسانی پیدا ہوگی۔