عیدالفطر کیلئے NCOC کی گائیڈلائن جاری

May 11, 2021

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا عیدالفطر سے متعلق جاری کردہ ہدایات میں کہنا ہے کہ عید کی نماز کے لیے مسجد آنے والے ماسک لازمی پہنیں، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور نماز کے بعد ہجوم نہ بنائیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔

این سی او سی کے اجلاس کے دوران عیدالفطر کے لیے بنائی گئی گائیڈلائن کی منظوری دی گئی۔

این سی او سی کی جانب سے عیدالفطر کے لیے جاری کی گئی گائیڈلائن میں کہا گیا ہے کہ عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے، نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے اور اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھیں۔

این سی او سی کے مطابق مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں۔

این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں،مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر رکھے جائیں نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں،وضو گھر سے کرکے آئیں۔