سمیع خان، فیروز خان اور فرحان سعید نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

May 11, 2021

سمیع خان، فیروز خان اور فرحان سعید سمیت کئی پاکستانی فنکاروں نے مسجد الاقصیٰ پر حملے کے بعد فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی۔

پاکستانی شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے مسجد الاقصیٰ پر حملے کی مذمت کی جارہی ہے جبکہ نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بھی بلند کی جارہی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سمیع خان نے بیان میں لکھا کہ ’یہ قابلِ قبول نہیں ہے۔‘

اداکار فیروز خان نے خاموش احتجاج کرتے ہوئے ٹوئٹر پر مسجد الاقصیٰ پر حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹ کردیا۔

اداکار و گلوکار فرحان سعید نے بھی مسجد الاقصیٰ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فورسز کے حملے کو دہشتگردی قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ اس معاملے پر دنیا کی خاموشی جرم ہے۔

فرحان سعید نے سوال کیا کہ کس طرح آخر بین الاقوامی برادری بیٹھ کر یہ سب ہوتا دیکھ رہی ہے؟

اسی طرح اداکار عاصم اظہر نے بھی دیگر فنکاروں کی آواز کے ساتھ آواز ملائی۔

انھوں نے اس معاملے میں اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کسی طرح ایک عبادت گاہ پر حملہ کر سکتے ہیں اور وہ بھی ایسے عبادت گزاروں پر جو اپنا دفاع بھی نہیں کرسکتے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ایک مرتبہ پھر عالمی برادری اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہے۔