مسجد الاقصٰی پر حملہ،ہم خاموش رہے تو ﷲ معاف نہیں کریگا، احسن خان

May 12, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکار احسن خان اور فیروز خان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے، احسن خان نے غزہ پر اسرائیلی بمباری سے معصوم بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر دنیا کی خاموشی دیکھ کر کہا ہے کہ اگر ہم ننھے بچوں پر تشدد ہوتا دیکھ کر خاموش رہے تو اللّٰہ ہمیں معاف نہیں کرے گا۔احسن خان نے ٹوئٹر پرمسجد الاقصٰی کی ایک تصویر شئیر کی ہے، جس میں اسرائیلی فوج کو مسجد الاقصٰی پر حملہ آور دیکھا جا سکتا ہے۔احسن خان نے تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دنیا مقبوضہ بیت المقدس میں رمضان کے پورے مہینے میں ہونے والی قتل و غارت گری کی گواہ ہے اور اس کے ساتھ کھڑی ہے۔‘اداکار نے دنیا کی خاموشی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مسجد الاقصٰی پر حملہ اور ننھے بچوں پر تشدد ہو رہا ہے اگر ہم خاموش رہیں گے تو اللّٰہ ہمیں معاف نہیں کرے گا۔جبکہ اداکار فیروز خان اسرائیلی فوج کے مظالم کے سامنے فلسطینی خاتون کے بلند حوصلے کو دیکھ کر متاثر ہوگئے۔اداکار فیروز خان نے انسٹا گرام پر ایک بہادر فلسطینی خاتون کی ویڈیو بطور اپنی خصوصی انسٹا اسٹوری شیئر کی ہے۔ فیروزخان نے ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ منظر مسجد الاقصٰی کا ہے، کیا کوئی پتا لگا سکتا ہے کہ یہ خاتون کون ہیں جنہیں اسرائیلی فورسز نے ہتھکڑیاں لگائیں ہیں۔‘اداکار نے خاتون کے بلند حوصلے کو سلام کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں ان کے بلند حوصلے کی تعریف کرنا چاہتا ہوں ، یہ ایسے حالات میں بھی جس طرح ، مسکرارہی ہیں! میں اس مسکراہٹ کا فین ہوگیا ہوں۔