اسرائیلی فورسز کی بربریت

May 12, 2021

اسلام دشمن قوتیں ہمیشہ سے اِس دینِ مبین کے خلاف اپنی مذموم کوششوں میں مصروفِ عمل رہی ہیں ۔ اِس مقصد کے لئے کبھی مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، کبھی روہنگیا، کبھی کشمیر تو کبھی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جاتا ہے، غرض یہ کہ ایسا کوئی حربہ نہیں جو پچھلی چودہ صدیوںمیں اسلام کی غلط تصویر پیش کرنے کے لئے اسلام مخالف قوتوں کی طرف سےاستعمال نہ کیا گیا ہو مگر یہ دین چودہ سو سال کے زائد عرصہ سے اِس دنیا کے ہر فرد کو ایک ایسا مکمل ضابطۂ حیات فراہم کر رہا ہے جس پر چل کر دنیااور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اسلام کی یہی کاملیت ہے جو صہیونیوں کو کبھی ہضم نہیں ہوئی جس کا اظہار وہ بارہا مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا کر کرتے رہے ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میںاسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد الاقصیٰ کے اندر نمازیوں پر حملوں کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا۔ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ اور گرنیڈسے حملوں کے نتیجے میں 9بچوں سمیت 21افراد شہیداور 300کے قریب فلسطینی زخمی ہوگئےجبکہ فلسطینیوں کی جانب سے اپنے دفاع کے لئے اسرائیلی فورسز پر پتھرائو کیا گیا۔مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر بھی بمباری کی اوررہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔بلاشبہ، ان وحشیانہ کارروائیوں سے صہیونی ریاست اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں تمام فلسطینی گروہوں، رہنماؤں اور عوام کے عزم میں اضافہ ہوگا۔امتِ مسلمہ اور اسلامی ممالک کی تنظیم کو انسانی حقوق کے محافظوں اور ذمہ دار بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کو متنبہ کرنا چاہئے کہ وہ اسرائیل کی اِس بربریت کے خلاف فلسطینیوں کا ساتھ دیں اور اِس مسئلے کے مستقل حل کی طرف توجہ دیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998