لندنڈیری میں آریوسی افسر کے قتل کے سلسلے میں ایک شخص گرفتار

May 12, 2021

لندن (پی اے) لندنڈیری میں 1993 میں آر یو سی آفیسر مائیکل فرگوسن کے قتل کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ پیر کو پی ایس این آئی کی لیگیسی انویسٹی گیشن برانچ کے ڈیٹیکٹوز نے لندنڈیری میں 64 سالہ شخص کو ٹیررازم ایکٹ کے تحت گرفتار کیا اور اسے پوچھ گچھ کیلئے مسگریو پولیس سٹیشن لے جایا گیا۔ اوماگ سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل فرگوسن کو 23 جنوری 1993 کو شپ کوئےسٹریٹ میں آئی آر اے کے ایک گن مین نے سر کے پچھلے حصے میں قریب سے دو گولیاں ماری تھیں۔ کیتھولک پولیس اہلکار کی موت جب ہوئی تو اس کی عمر 21 سال تھی اور وہ ڈیوٹی پر تھا۔ اسے الٹناجیولن ہسپتال لے جایا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔