عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے، عمر توحیدی

May 12, 2021

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے عید الفطر مسلم امہ کے لیے رمضان المبارک کے روزے رکھنے پر اللہ تعالی کا تحفہ ہے اور دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر کی خوشیوں کی جانب رواں دواں ہیں تمام مسلم تہواروں کی شان دنیا بھر کے تہواروں سے نرالی ہے کیوں کہ ان میں اللہ تعالی کی بندگی اور خدمت خلق کے کاموں میں اضافہ ہوجاتا ہے،مال دار لوگوں پر عید الفطر کے موقع پر فطرانہ لازم قرار دیا گیا تاکہ محتاج اور ضرورت مند مسلمان عید کی خوشیوں میں اچھی طرح شامل ہو سکیں۔ عید الفطر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہی عید کی اصل روح ہے ہمیں چاہیے کہ عید سے پہلے ہی فطرانہ کی رقم مستحق افراد تک پہنچائیں۔عمر توحیدی نے مقدس مہینے کی اہم عبادت کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں نہتے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قرار دیا کہ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے جو پوری دنیا کے علی الرغم صہیونی عزائم کا پتہ دے رہی ہے۔