مسلم ایسوسی ایشن آف برٹن کافلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ

May 12, 2021

برمنگھم( پ ر )مسلم ایسوسی ایشن آف برٹن کے زیر اہتمام برمنگھم ٹاؤن سینٹر میں فلسطینیوں کے حق میں زبردست مظاہرہ ہو ا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں اور غیر مسلموں نے شرکت کی، وہ حالیہ مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی آرمی کے حملے پر بھرپور احتجاج اور نعرہ بازی کر رہے تھے، میب برمنگھم کے صدر ڈاکٹراحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی آرمی کا اس طرح نمازیوں پر حملہ کرنا مجرمانہ عمل ہے، اسرائیل پر عالمی عدالت میں مقدمہ چلنا چاہیئے،اقوام متحدہ کیوں خاموش ہے ؟ سٹاپ دی وار برمنگھم کے سکریٹری سٹیورٹ رچرڈرسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک متعصب ریاست بن گئی ہے، جہاں فلسطینیوں کے کوئی حقوق نہیں، نمازیوں پر اس طرح حملہ کرنا بد ترین جرم ہے، تحریک کشمیر کے خواجہ سلیمان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا ملٹری گٹھ جوڑ ہے، نریندر موودی کی نئی کشمیر پالیسی اسرائیل کی تیار کردہ ہے، ہمیں اس گٹھ جوڑ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرناہے، ہم مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی حملے کی پرزور مزمت کرتے ہیں۔ فلسطینی رہنما عابدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اپنا خون دے کر مسجد اقصیٰ کی حفاظت کررہے ہیں، کیونکہ اسرائیلی اس مسجد کو ڈھانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، مسلم امت کو اس وقت غفلت کی نیند سے جاگ جانا چاہیئے، برمنگھم ٹریڈ کونسل کی ساحرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں اور اسرائیل کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔