لاک ڈائون میں نرمی، اوبر 20ہزار ڈرائیور بھرتی کرے گی

May 12, 2021

لندن (پی اے) لاک ڈائون کے نرم ہونے کے آغاز پر اوبر مزید 20 ہزار ڈرائیورز کو ملازم رکھ رہی ہے۔ فرم نے کہا ہے کہ اس کا ارادہ ہے کہ نئے ڈرائیورز بھرتی کی مہم کے تحت سال کے اختتام تک کام شروع کر دیں۔ مہم کے تحت برطانیہ میں اس کے ڈرائیور نیٹ ورک کی تعداد 90 ہزار ہوجائے گی یہ صورتحال ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گروپ نے رپورٹ دی ہے کہ 12 اپری لسے آئوٹ ڈور ڈائننگ کیلئے ریستورانوں کے کھلنے پر برطانیہ میں ٹرپس میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہو ا ہے۔ فروری میں سپریم کورٹ کے یادگار فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اوبر ڈرائیورز ورکر کا درجہ رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں اوبر اب ڈرائیورز کو کم از کم نیشنل لونگ ویج ہالیڈے پے اور پنشن سکیم میں خودکار انرولمنٹ فراہم کرے گی۔ اوبر کے ریجنل جنرل مینجر فار ناردرن اینڈ ایسٹرن یورپ جیمی ہے وڈ نے کہا ہے کہ اب جیسے کے شہر کھل رہے ہیں اور لوگوں نے نقل و حرکت شروع کی ہے تو ہم 20 ہزار نئے ڈرائیورز کی بھرتی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ہمیں ہر ڈرائیور کو حقوق اور تحفظات کی فراہمی پر جس کے وہ مستحق ہیں فخر ہے بہرحال ہم اس حوالے سے اکیلے نہیں۔ ملٹی آپریٹرز کے ساتھ کام کرنے والے ڈرائیور اسی معیار کے مستحق ہیں۔