افغانستان میں اسکول پر حملہ قابل مذمت ہے، بیرسٹر امجد ملک

May 12, 2021

راچڈیل(ہارون مرزا) چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستانی لائرز برطانیہ بیرسٹر امجد ملک نے افغانستان میں لڑکیوں کے سکول پر حملے کی مذمت کی ہے جس میں درجنوں شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے اپنی مذمتی بیان میں کہا کہ اس طرح تباہی اور موت کو دیکھنا تکلیف دہ ہے، ایسے وقت میں حملہ جب امریکہ نے افغانستان سے اپنی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا ہے خطے پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔ دنیا کے کسی بھی کونے میں کسی بھی صورت کسی بھی شکل میں تشدد قابل مذمت ہے، ہماری دعائیں متاثرہ خاندانوں‘افغانی عوام اور ریاست کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھاری دل کے ساتھ ایک اور بین الاقوامی خبر سننے کو ملی کہ اسرائیلی افواج نے مسجد اقصیٰ کے باب الرحمت کو توڑ کر نمازیوں پر حملہ کر دیا۔عرب دنیا، ترکی اور پاکستان اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی رمضان المبارک کے مہینے میں ایسے غیر ذمہ دارانہ‘اکسانے والے اور بے حس فعل کا فوری نوٹس لیں‘مساجد اور مذہبی مقامات کا تقدس ہر حال میں مقدم ہونا چاہیے، عالمی رہنماؤں کو غلط کو غلط کہنا چاہیے، سعودی عرب کو آگے بڑھ کر نمائندگی کرنی چاہیے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معاملہ کو اٹھانا چاہیے اور بین القوامی سطح پر رد عمل اور اقدامات کا مطالبہ کرنا چاہیے۔