شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ کیخلاف جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں

May 12, 2021

لندن( پ ر )عوامی ورکرز پارٹی برطانیہ کے رہنماؤں، محبوب الہی بٹ، پرویز فتح، لالہ محمد یونس، نزہت عباس، ذاکر حسین ایڈووکیٹ، امتیاز علی گوہر، شفیق الزمان، محمد ضمیر بٹ، پروفیسر محسن ذوالفقار، عبدالرشید سرابھا، صغیر احمد، نذر حسین سیمی اور ظاہر شاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں عوامی ورکرز پارٹی جموں و کشمیر کے چیف آرگنائزر شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ کے خلاف مقامی انتظامیہ کی طرف سے جھوٹے مقدمات بنانے اور دھمکیاں دینے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے جھوٹے مقدمات ختم کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں سیاسی مخالفین کو انتظامیہ کے ذریعے ہراساں کرنے، مقدمات درج کرنے اور جیلوں میں ڈالنے کی روایت ہماری 73سالہ تاریخ کا دردناک پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ نواز علی شیر نکیال کے علاقہ میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں اور اپنے حلقے سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ انہوں نے حزب اختلاف کی تمام سیاسی پارٹیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہ نواز علی شیر کو ہراساں کرنے کیخلاف آواز بلند کریں۔