مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اورفلسطینیوں کاقتل عام رکوایاجائے ،ملکی یکجہتی کونسل

May 12, 2021

لاہور ( وقائع نگار خصوصی)ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے اسرائیلی فورسز کی مسجد اقصیٰ کو نذر آتش کرنے ، بمباری اور ماہ رمضان المبارک میں مسلمان نہتے نمازیوں پر ظلم و تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ مسلمانوں یا اسلام پر نہیں ، انسانیت پر حملہ ہے ۔ سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس فوری طور پر بلائے جائیں ۔ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی اور فلسطینیوں کا قتل عام رکوایا جائے ۔صدر صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، مرکزی رہنماؤں پیر ہارون گیلانی ، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ ، علامہ عارف حسین واحد ی ، مولانا اللہ وسایا ، حافظ عبدالغفار روپڑی ، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری ، علامہ سید ثاقب اکبر ، سید ناصر شیرازی ، مولانا عبدالمالک ، پیر غلام رسول اویسی ، حافظ زبیر احمد ظہیر اور علامہ زاہد قاسمی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور قبلہ اول ملت اسلامیہ کی رگ جاں ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ یہ اطلاعات عالم اسلام کے لیے خیر کی خبر ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات و سفارت کاری کی بحالی کے لیے کوششیں شروع ہوچکی ہیں ۔ تعلقات کی بحالی صرف علاقائی تلخی ختم کرنے ہی نہیں پورے عالم اسلام کے لیے مثبت نتائج لاسکتی ہیں ۔ ملی یکجہتی کونسل اپنے قیام کے اول روز سے اتحا د امت اور درد مشترک قدر مشترک کے اصول پر یقین رکھتی ہے ۔ کشمیر ، فلسطین ، افغانستان ، شام ، روہنگیا ، یمن کے مسائل عالم اسلام کے اتحاد کے ذریعے ہی حل ہوں گے ۔ امریکہ یورپ اور اسلام دشمن صہیونی طاقتیں تو مسلمانوں کو کمزور اور غلام بنا کر ہی رکھنا چاہتی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے کہ افغانستان میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت بند ہو جائے ۔ امریکہ اور نیٹو فورسز نکل جائیں ۔ افغان قیادت اور افغان عوام کو ہی اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق مل جانا چاہیے ۔