ڈی جی خان اورساہیوال ڈویژن میں مفت ہیلتھ انشورنس فراہم کرنیکافیصلہ

May 12, 2021

لاہور(جنرل رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب نے رواں ماہ کے آخر تک پنجاب کے ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژنوں کے تمام شہریوں کو مفت ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ان خیالات کااظہار سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل اعوان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت ڈاکٹر آصف طفیل، متعلقہ اضلاع کے سی ای اوز ،تحصیل ہیڈ کورٹر اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے ایم ایس اور پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹیو مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر علی رزاق اور دیگر افسران شریک تھے۔سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ ان 2 ڈویژنوں کے سات اضلاع ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن شامل ہیں ۔ 48 لاکھ خاندانوں کو مفت ہیلتھ انشورنس کی سہولت رواں ماہ کے آخر تک فراہم کر دی جائیگی۔ ا نہوں نے کہا کہ ان اضلاع کے تمام شہریوں کو شناختی کارڈ پر ان ڈور میڈیکل سہولت دستیاب ہوگی۔