باکسر عامر خان نے اپنے گھر فلسطینی پرچم لگالیا

May 12, 2021

عالمی شہرت یافتہ کم عمر ترین باکسنگ چیمپیئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنے گھر کے باہر فلسطینی پرچم لگا لیا۔

باکسر عامر خان نے اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری کا شکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

اس حوالے سے باکسر عامر خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے گھر کی تصویر شیئر کی جس میں اُن کے گھر کے باہر فلسطینی پرچم لگا ہوا ہے۔

عامر خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُنہوں نے برطانیہ میں اپنے گھر فلسطین کا پرچم لگا لیا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ FreePalestine بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے کہ ’فلسطین کو آزاد کرو۔‘

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کےشہر لد میں شدید کشیدگی جاری ہے اور یہودی شدت پسندوں نےکئی گاڑیوں کوآگ لگا دی ہے۔