لاہور کے شاہی قلعہ میں 170 سال قدیم پینٹنگز آویزاں

May 12, 2021

یورپی مصور کی 170 سال قدیم پینٹنگز بحالی کے بعد لاہور کے شاہی قلعہ میں آویزاں کردی گئیں، ہنگری کے مصور آگسٹ شوفیٹ کی پینٹنگز کو آرکیالوجی، والڈ سٹی، ہنگری کے ماہرین نے بحال کیا۔

سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ کے مطابق ہنگری کے سابق سفیر استوین زابو اور انکی اہلیہ نے منصوبے میں ذاتی دلچسپی لی، موجودہ سفیر مسٹر بیلا فازیکاز نےبھی اپنے پیشرو کا مشن جاری رکھا۔

احسان بھٹہ نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہنگری کا مصور آگسٹ شوفیٹ 1841 ءمیں مہاراجہ شیر سنگھ کے دربار میں آیا تھا،یہ تمام پینٹگز شہزادی بامبا سودرلینڈ نے واپس لاہور منگوائیں۔

سیکرٹری ٹورازم نے بتایا کہ حکومت نے یہ پینٹگز شہزادی بامبا کے قریبی شخص پیر کریم بخش سے خرید لیں اور ہنگری کے سفارتخانے نے آگسٹ شوفیٹ کی 11 نایاب پینٹنگز کی بحالی شروع کرائی۔

احسان بھٹہ نے کہا کہ یہ مہاراجہ رنجیت سنگھ، کھڑک سنگھ، شیر سنگھ اور دلیپ سنگھ کے نادر پورٹریٹ ہیں، آگسٹ شوفیٹ، لزلے پول اسمتھ اور دیگر یورپی آرٹسٹوں کے شہ پارے شہزادی بامبا گیلری میں لگا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہنگری کی ٹیم مزید پینٹنگز کی بحالی میں مصروف ہے۔