عید سیزن این سی او سی کے ناقص فیصلوں کی نذر ہوگیا، عتیق میر

May 12, 2021

چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا ہے کہ عیدالفطر کا سیزن نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے ناقص فیصلوں کی نذر ہوگیا۔

ایک بیان میں عتیق میر نے کہا کہ عید الفطر پر اوقات کار کم ہونے سے تاجروں کا 50 فیصد اسٹاک فروخت ہی نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ عید سیزن کے لیے این سی او سی نے ناقص فیصلے کیے، یہی وجہ ہے تجارتی سرگرمیاں صرف 30 ارب روپے تک محدود رہیں۔


چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے مزید کہاکہ 40 فیصد خریدار عید کی خریداری سے محروم رہے، آخری عشرے میں افطار کے بعد وقت بڑھادیا جاتا تو ریکارڈ خرید و فروخت کی توقع تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجسٹریٹس اور پولیس نے مارکیٹیں سیل کرکے تاجروں سے کروڑوں روپےجرمانہ لیا۔

عتیق میر نے یہ بھی کہا کہ رواں سال تاجروں نے بھرپور سرمایہ کاری کی تھی، جس کا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔