عباس ٹاؤن، لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی

May 13, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سچل کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب کارسوار شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ، دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس نے موقعے پر پہنچ کر ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو تحویل میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ۔پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب موٹرسائیکل سوار 4 ملزمان کار سوار شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران کار میں سوار شخص نے ملزمان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک دوسرا زخمی ہو گیا جبکہ دیگر 2ملزمان فرار ہو گئے ،لاش ا و زخمی ملزم کو عباسی اسپتال منتقل کردیا گیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 19 سالہ عبد اللہ ولد شاہ گل جبکہ ہلاک ہونے والے 20 سالہ ملزم کی فوری شناخت نہیں ہو سکی ، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون بر آمد کرلیا ، ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش ضا بطے کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کر دی گئی ۔