پاکستان سعودیہ کو افرادی قوت فراہم کرنیوالا دوسرا بڑا ملک

May 13, 2021

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سعودی عرب کو افرادی قوت فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے‘سعودی عرب میں 26لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ گذشتہ تین سال میں سعودی عرب کو افرادی قوت بھجوانے میں مجموعی طور پر بنگلہ دیش پہلے، پاکستان دوسرے اور انڈیا تیسرے پر نمبر ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میںولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والے مذاکرات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب کو اگلے 10 سال میں ایک کروڑ افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2018 میں پاکستان سے ایک لاکھ، بنگلہ دیش سے دو لاکھ 57 ہزار جبکہ انڈیا سے 72 ہزار ورکرز سعودی عرب بھجوائے گئے تاہم 2019 میں یہ تعداد پاکستان سے تین لاکھ 32 ہزار، بنگلہ دیش سے تین لاکھ 99 ہزار جبکہ انڈیا سے ایک لاکھ 60 ہزار رہی۔2020 میں اگرچہ کورونا بندشوں کی وجہ سے بیرون ملک جانے والے ورکرز کی تعداد کم رہی اس کے باوجود پاکستان سے ایک لاکھ 36 ہزار، بنگلہ دیش سے ایک لاکھ 62 ہزار جبکہ انڈیا سے سعودی عرب جانے والوں کی تعداد 44 ہزار تھی۔تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو 1971 سے لے کر 2021 تک روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جانے والے ایک کروڑ 14 لاکھ پاکستانیوں کی تقریبا نصف تعداد نے سعودی عرب کا رخ کیا جن کی تعداد 57 لاکھ کے قریب ہے۔