‏عید کی روایات کس نے بدل دیں ؟

May 13, 2021

‏ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئین ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ عید کی شاپنگ کر کے بہت خوشی ہوا کرتی تھی، ایک بار نہیں کئی بار شاپنگ ہوا کرتی تھی اور خاص کر چاند رات کو دیر تک شاپنگ ہوتی تھی لیکن کورونا وائرس نے تمام روایات کو تبدیل کر دیا ہے ، اس مرتبہ ایک ہی بار شاپنگ کی ہے اور وقت سے پہلے شاپنگ کر لی تھی۔

‏ ماحور شہزاد نے کہا کہ عید کے تینوں دن دعوتوں کا سلسلہ جاری رہتا تھا، ایک دوسرے کے ہاں دعوتوں پر جایا کرتے تھے لیکن یہ دوسرا برس ہے کہ ہمیں عید کی خوشیاں احتیاط کے ساتھ منانا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی قریبی لوگوں کے ساتھ دعوتیں کریں گے تاکہ عید کا کچھ تو احساس ہو۔

‏ماحور شہزاد نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کی صحت اور حفاظت کے لیے لازمی لاک ڈاون لگایا ہے ہمیں اس پر سختی سے عمل کرنا چاہیے کیوں کہ اس میں ہم سب کا فائدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کا ہمیں ہر حال میں خیال رکھنا ہے، ماسک پہننا ہے، سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہے اس میں ہی ہم سب کافائدہ ہے۔