امریکا:ویکسی نیشن کرانے والوں پر سے ماسک کی پابندی اٹھانے کا اعلان

May 14, 2021


امریکی ہیلتھ ایجنسی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) نے کورونا سے بچاؤ کی دونوں ویکسین لگوانے والوں کے لیے ماسک کی پابندی اٹھانے کا اعلان کر دیا، صدر جو بائیڈن کی جانب سے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کی جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کےلیے انڈور، آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں ماسک پہننا یا فاصلہ رکھنا لازمی نہیں تاہم جہاز، بس، ریل کے سفر اور ایئرپورٹ ، بس اسٹیشنز پر ماسک لگایا جاسکتا ہے۔

بیرون ملک سےامریکا پہنچنے والوں کے لیے اب بھی لازمی ہے کہ وہ تین دن کے اندرٹیسٹ کرائیں یا پچھلے تین ماہ کے دوران کورونا سے صحت یاب ہونے کی دستاویز دکھائیں۔

جن لوگوں کی قوت مدافعت کمزور ہے وہ ماسک پہننا ترک کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

امریکا میں ویکسی نیشن میں اضافے کے ساتھ کورونا کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے جس کے باعث زندگی معمول پر آنے کی توقع بڑھ گئی ہے، تقریبا 59 فیصد نوجوان بھی کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوا چکے ہیں۔

ملک میں اب بھی روزانہ 38 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جو کہ ہر ایک لاکھ افراد میں 11 نئےکیسز کا تناسب ہے۔

امریکی صدرکا سی ڈی سی کےاعلان کا خیرمقدم،عظیم دن قرار دے دیا، بائیڈن کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نےمکمل ویکسی نیشن کرائی ہےوہ ماسک اتارلیں، جن کی ویکسی نیشن مکمل نہیں ہوئی وہ ماسک پہنتے رہیں۔