کورونا سے کاروباری دنیا تباہی کے دہانے پر

May 14, 2021

کورونا نے کاروباری دنیا کو بھی تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے لاک ڈاؤن سے جہاں بڑی صنعتیں شدید متاثر ہیں وہیں چھوٹے تاجر بھی سخت پریشان ہیں۔

گوجرانوالہ پاکستان کا چوتھا بڑا صنعتی شہر ہے یہاں کی صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے تو ملکی خزانے کو سالانہ چالیس ارب روپے کا ٹیکس ملتا ہے لیکن کورونا اور لاک ڈاؤن سے صنعتی سیکٹر کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔

صدر چیمبر آف کامرس عمر اشرف مغل کا کہنا ہے کہ یہاں کی تاجر برادری اور چھوٹے دکاندار عید پر ہونے والے لاک ڈاؤن سے سخت نالاں اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

جنرل سیکرٹری انجمن تاجران عبد الروف مغل کا کہنا ہے کہ طویل بندش کے باعث میرج ہال انڈسٹری زیادہ متاثر ہوئی ہے میرج ہال مالکان اور اس سے وابستہ ڈیلی ویجز ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک جا پہنچی ہے۔

صنعت ، تجارت سے وابستہ سرمایہ دار اور یہاں کا محنت کش طبقہ دونوں ہیں معاشی مشکلات کا شکار اور مشکل حالات سے نکلنے کیلیے کسی ریلیف پیکج کے منتظر ہیں۔