ٹوکیو اولمپکس کی منسوخی کیلئے پٹیشن دائر

May 14, 2021


ٹوکیو اولمپکس منسوخ کرنے کے لئے پٹیشن دائر کر دی گئی، اولمپکس کے منتظمین کو دی گئی پٹیشن پر 3 لاکھ 50 ہزار افراد کے دستخط ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس کی منسوخی کی مہم پچھلے ہفتے ایک وکیل کینجی سونمیا نے آن لائن شروع کی تھی، جمعے کو اُنہوں نے ٹوکیو گورنمنٹ آفس میں 3 لاکھ 50 ہزار افراد سے زائد افراد کے دستخطوں پر مشتمل پٹیشن ٹوکیو کے گورنر کے حوالے کردی۔

کینجی سونمیا نے ٹوکیو اولمپکس کے آرگنائزز سے کہا تھا کہ وہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پر اولمپکس کی منسوخی کے لیے زور دیں، اُنہوں نے یہ پٹیشن نہ صرف آئی او سی بلکہ انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی کو بھی بھیج دی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان میں کووید 19 کی چوتھی لہر کے سبب اولمپک کی منسوخی کے لیے عوام کا دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔

دوسری جانب ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ سیکو ہاشی موتو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک کی منسوخی کے حوالے سے جو مہم جاری ہے اس کی قدر کرتے ہیں کیوں کہ لوگوں کی صحت کا خیال پہلی ترجیح ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اولمپک کے انعقاد کو کامیاب بنانے کی کوششیں جاری ہیں، اولمپک ببل قائم کرنے پر کام ہورہا ہے اس کے علاوہ ماہرین کی رائے بھی حاصل کی جارہی ہے جبکہ نقل وحرکت کو بھی محدود کرنے کا آپشن زیر غور ہے۔