سندھ میں کورونا کے 714 نئے کیسز کی تشخیص، 13 مریض انتقال کرگئے، وزیراعلیٰ

May 14, 2021

صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 714 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا کے باعث 13 مریض انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال پر بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11110 ٹیسٹ میں 714 مثبت آئے، ابتک کورونا کے 3830241 ٹیسٹ میں 297064کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج کورونا کے مزید 340 مریض صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد 273203 ہوگئی، جبکہ مزید 13 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 4793 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت 19068 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 18339 گھروں اور 729 اسپتالوں میں ہیں۔ جبکہ 695 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 59 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

صوبہ کے 714 کورونا کیسز میں 319 کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں ضلع شرقی میں 163، وسطی میں 77، جنوبی میں 26، ضلع ملیرمیں 20، کورنگی میں 19 اور ضلع غربی میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں حیدرآباد میں 104، دادو میں 55، میرپورخاص میں 44، جامشورو میں 41، شہید بینظیر آباد میں 32، شکارپور میں 27، گھوٹکی میں 24، ٹنڈو محمد خان میں 11، لاڑکانہ میں 9 کیسز سامنے آئے۔

عمر کوٹ میں 7، جیکب آباد میں 6، ٹنڈو الہیارمیں 6، نوشہرو فیروز میں 5، سکھر میں 2، خیرپور، سانگھڑ اور ٹھٹھہ ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔