لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، راجہ بشارت

May 16, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر،وقائع نگار خصوصی)وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب میں عید تعطیلات کے دوران لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور کورونا کے مریضوں میں کمی واقع ہورہی ہے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر صوبے میں انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین خدمات سرانجام دیں۔ حکومت کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے سیاحتی مقامات پر آمدورفت معطل رہی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے عید اپنے گھروں میں گزاری جس سے کورونا وائرس کے پھیلنے میں کمی واقع ہوئی۔ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ اسی طرح کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھا جائے جس کے بعد ہم مکمل طور پر کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔