آکسیجن کے پلانٹ اور دکانیں کھلی رہیں، فروخت 5 فیصد کم

May 16, 2021

لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں عید کی چھٹیوں کے دوران آکسیجن کے پلانٹ اور دکانیں کھلی رہیں ،گیس کی فروخت 5 فیصد کم ہو گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ لاک ڈائون اور عید کی چھٹیوں کے دوران آکسیجن کے پلانٹ اور دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں اور ہسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج کورونا مریضوں کو آکسیجن کے حصول میں کوئی دشواری نہیں ہوئی، لاک ڈائون حکومت کا مثبت اقدام ہے جس سے کورونا کی شدت کم ہوئی ہے اور آکسیجن کی فروخت بھی پانچ فیصد تک کم ہو گئی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کورونا کی لہر کم ہونے سے کراچی سے آکسیجن کی سپلائی بھی کم کر دی گئی ہے ،شہر کے بڑے ہسپتالوں میو، سروسز، جناح، جنرل ہسپتال میں بھی آکسیجن کی سپلائی میں معمولی کمی ہو ئی ہے کیونکہ عید پر بیشتر مریضوں نے گھروں میں قرنطینہ اختیار کیا، آکسیجن کی طلب میں کمی کے بعد قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا ۔ انسانی جانیں سب سے قیمتی ہیں اس وجہ سے آکسیجن زیادہ سے زیادہ ہسپتالوں کو سپلائی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور دیگر کمرشل شعبوں کو سرکاری احکامات کے مطابق فی الحال بند ہے۔