مسئلہ فلسطین پر عالمی برادری نے چپ سادھ لی‘انجینئر عثمان

May 16, 2021

کوئٹہ (پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے اسرائیل کی جانب سے نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر دوران نماز اسرائیلی حملے عالم اسلام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مسئلہ فلسطین کا واحد حل مسلم امہ کی قیادت کے پاس ہے جس کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے جب تک پوری مسلم قیادت اپنے دل وجذبات کے ساتھ عملی طور پر فلسطین کی مدد نہیں کرتی مسئلہ فلسطین کے یقینی حل کی طرف کوئی پیش رفت ممکن نہیں ہوسکتی ۔عید کے موقع پر ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینی گزشتہ ایک صدی سے ظلم وجبر کے غیر انسانی تسلط کی چکی میں پس رہے ہیں۔موجودہ صورتحال انتہائی کرب ناک ہے ۔اسرائیل معصوم فلسطینی شہریوں بچوں اور خواتین پر ظلم وستم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرنے سے گریزاں ہے تودوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی اپنا کردار ادا نہیں کیا ۔ غزہ کے مسلمان طویل عرصہ سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، امریکہ، یورپ، انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں اور عالمی ادارے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف تعصب کا شکار ہیں۔ امریکہ عالم اسلام کی تقسیم چاہتا ہےاورعرب ممالک پر اسرائیل کا خوف مسلط ہے جبکہ مسلم حکمرانوں کو اپنے اقتدار اور مفادات عزیز ہیں ۔