تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کو مستردکردیاگیا

May 16, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور نے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے ایس او پیز کے تحت فوری کھولے جائیں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے تعلیم کا شعبہ پہلے ہی سے تباہی کا شکار ہے اب مزید بندش رہی سہی کسر پوری کررہی ہے۔ حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا کی صورتحال کے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کی زحمت نہیں کی اور تعلیمی اداروں کو بند کردیا جو قابلِ مذمت ہے۔کورونا کی گزشتہ لہروں کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی سال ضائع ہوگیا ہے طلبہ مزید تعلیمی سال ضائع ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز کسی بھی صورت فزیکل کلاسز کے متبادل نہیں ہوسکتے کیونکہ ملک کے اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ کی معیاری سہولت موجود نہیں اور طلبہ مہنگے انٹرنیٹ پیکجز خریدنے سے قاصر ہیں لہٰذا فوری طور پر ملک کے تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے تحت کھول دیا جائے۔