اسرائیلی جارحیت، ترک و ایرانی صدور کا ٹیلیفونک رابطہ

May 16, 2021

فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر ترک صدر رجب طبیب اردوان اور ایرانی ہم منصب حسن روحانی میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک اور ایرانی صدور کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں اسرائیلی جارحیت اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک صدر کے دفتر نے رجب طیب اردوان اور حسن روحانی کی بات چیت کے حوالے سے تفصیلی اعلامیہ جاری کیا ہے۔


اعلامیے کے مطابق اسرائیلی جنگی حملوں کے جواب میں بین الاقوامی برادری کو بھی اسرائیل کو مضبوط اور حوصلہ شکن سبق سکھانا چاہیے۔

ترک صدر نے دوران گفتگو کہا کہ ترکی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر سخت ترین ردِعمل پیش کیا ہے۔

رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالم اسلام کا سیسہ پلائی دیوار بن کر لفظی و عملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اب بھی امتِ مسلمہ کا سب سے اہم مشترکہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے جرائم سے نمٹنے، وحشیانہ حملوں کی روک تھام اور فلسطینی عوام کا دفاع وقت کی ضرورت ہے۔

حسن روحانی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی جرائم کے خلاف اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ امید ہے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر مناسب فیصلہ اٹھایا جائے گا۔