سلامتی کونسل، اسرائیل کو صحافیوں کو نشانہ بنانے سے روکے، آئی ایف جے

May 16, 2021

انٹر نیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں باقاعدہ طور پر اور جان بوجھ کر صحافیوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو فوری طور رکوائے۔

آئی ایف جے کی جانب سے یہ مطالبہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں صحافتی خدمات مہیا کرنے والے اداروں کی تیسری بلڈنگ کی گذشتہ روز تباہی اور سلامتی کونسل کے اسی حوالے سے آج ہونے والے اجلاس کے تناظر میں کیا گیا۔

صحافیوں کی سب سے بڑی بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق IFJ اسرائیل کے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں 30 صحافیوں پر حملہ کرنے کے علاوہ انہیں حراست میں لیا گیا اور جہاں انٹرنیٹ کی سہولت بھی بند کر دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایف جے کے جنرل سیکرٹری انتھونی بیلنگر نے کہا کہ اسرائیل اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاس کی جانے والی قرارداد نمبر 1738 میں واضح طور پر کہا گیا کہ ریاستیں کنفلیکٹ زون میں کام کرنے والے صحافیوں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے عملے کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں، اس لیے اسرائیل کو میڈیا کے افراد کو اشتعال انگیز طور پر نشانہ بنانے سے روکا جائے۔