سمندری طوفان تاؤتے، محکمہ موسمیات کا ساتواں الرٹ

May 16, 2021

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان تاوتے کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کردیا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے ،جس کی رفتار 15 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔

الرٹ کے مطابق طوفان کراچی کےجنوب اورجنوب مشرق سے 1000کلومیٹر دور ہے جبکہ طوفان کے مرکز میں ہوائیں 150 سے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل رہی ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار کبھی کبھی 190 کلومیٹر کو چھو رہی ہے، طوفان 17 مئی کی رات یا 18 مئی کی صبح بھارتی گجرات پہنچ سکتا ہے۔

الرٹ کے مطابق سندھ کے بعض شہروں میں موسم میں تبدیلی کا امکان ہے، ٹھٹھہ، سجاول، میرپور خاص میں 17 سے 19 مئی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سانگھڑ، بدین، عمر کوٹ، تھر میں بھی 17 سے 19 مئی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، یہ بارش کہیں متعدل اور کہیں تیز ہوسکتی ہے۔

الرٹ کے مطابق ان علاقوں میں ہوائیں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کرچی، حیدرآباد اور شہید بینظیرآباد کا موسم اگلے دو روز تک گرم سے شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق شہر کراچی میں تیز گردآلود ہوائیں چلیں گی، سمندر میں طغیانی کے باعث شہری 19 مئی تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔