مسئلہ فلسطین نظر انداز کرسکتے ہیں نہ اسرائیل کو تسلیم کیا جاسکتا ہے، حافظ نعیم

May 17, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، نائب امیر وانچارج میڈیا سیل ڈاکٹر اسامہ رضی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے اسرائیلی غاصب افواج کی جانب سے غزہ میں میڈیا دفاتر پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میڈیا کو بدترین مظالم کے بارے میں حقائق سے آگاہ کرنے سے روکنے کی بدترین کوشش اورکھلی دہشت گردی ہے، پاکستان سمیت تمام ممالک کوغزہ میں میڈیا دفاتر پراسرائیلی حملے کے خلاف راست اقدامات کرنے چا ہئیں اور دوٹوک پیغام دینا چاہئے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان مقبوضہ فلسطین میں جاری غاصب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ظلم وستم کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک پالیسی کا اعلان کریں،انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین نظر انداز کرسکتے ہیں نہ اسرائیل کو تسلیم کیا جاسکتا ہے ، فلسطینی مسلمان شہادتیں، قربانیاں اور گرفتاریاں دے کر قبلہٌ اول کی آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں،ہمارا فرض ہے کہ ان کی ہر ممکن حمایت اور پشتیبانی کی جائے اور جو کام و ذمہ داری حکمرانوں کی ہے انہیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے۔